32

بابراعظم اپنے کیریئرکی بہترین پوزیشن پربراجمان

(الحبرنیوزآن لائن) آئی سی سی نے نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں پاکستانی بلے باز بابراعظم نے اپنے کیریئرکی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔آئی سی سی کی نئی رینکنگ کے مطابق بیٹنگ میں ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی پہلے نمبر پرموجود ہیں جبکہ آسٹریلوی بلے باز ایرن فنچ اورای این لیوس دوسری اور تیسری پوزیشن پربراجمان ہیں، کیوی کپتان کین ولیمسن کی چوتھی اورجارح مزاج آسٹریلوی بلے باز گلین میکس ویل کی پانچویں پوزیشن ہے جبکہ قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم نے 21 درجے بہتری کے بعد چھٹی پوزیشن حاصل کی ہے جو انہیں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریزمیں بہترین کارکردگی دکھانے پرملی ہے، نوجوان بلے باز کو 3 میچوں میں 179 رنز بنا نے پر مین آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ آل راونڈرز کی فہرست میں پہلے 10 میں کوئی بھی پاکستانی جگہ نہیں بنا سکا البتہ شعیب ملک گیارہویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ٹیم رینکنگ میں نیوزی لینڈ پہلے، پاکستان دوسرے، ویسٹ انڈیز تیسرے نمبر، انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ ہند کا پانچواں اور جنوبی افریقہ کا چھٹا نمبر ہے۔۔بولرز کی رینکنگ میں پاکستانی اسپنرعماد وسیم نے اپنی پہلی پوزیشن پر قبضہ برقراررکھا جبکہ ہندوستانی بولربھمرا ایک درجہ ترقی کے ساتھ دوسرے اورپروٹیز لیگ اسپنرعمران طاہر تیسرے نمبر پرموجود ہیں جبکہ افغان بولر راشد خان کا چوتھا، بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کا پانچواں اور ویسٹ انڈین اسپنر سیموئیل بدری کا چھٹا نمبر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں